=== اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں نظر کیوں نہیں آتا؟ ===
ــــــــــــــ ایک منطقی جائزہ، تحریر ـ غلام محمد وامِق ...
نوٹ : -- ہمارے بزرگانِ دین نے بھی اس موضوع پر قلم اٹھایا ہے، ان کے مطابق ہماری دنیاوی آنکھوں میں اتنی استطاعت ہی نہیں ہے کہ وہ ذاتِ باری تعالیٰ کو دیکھ سکیں، ہماری آنکھیں تو فرشتوں اور جراثیم تک کو نہیں دیکھ سکتیں تو اللہ تعالیٰ کو دیکھنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ـ وغیرہ وغیرہ ...
بہرحال منطقی لحاظ سے ہم اس مسئلے کا جائزہ لیتے ہیں تو ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ ـــ
عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ کسی بھی چیز کو واضح طور پر دیکھنے کے لئے اس کے قریب جانا پڑتا ہے، حالاں کہ یہ بات مکمل طور پر درست نہیں ہے ـ چھوٹی چیز کے لئے تو یہ اصول درست ہے لیکن کسی بڑی چیز کو دیکھنے کے لئے ہمیں اس سے دور ہٹنا پڑتا ہے ـ یعنی اگر ہم زمین پر کھڑے ہوکر اپنی مکمل زمین کو ایک ہی لمحے میں دیکھنا چاہیں تو نہیں دیکھ سکتے، اس کے لئے ہمیں زمین کے کناروں سے باہر نکلنا پڑے گا جیسا کہ چاند پر جاکر زمین کو دیکھا جاسکتا ہے، اور زمین سے چاند کو دیکھا جاسکتا ہے، وہ بھی اس صورت میں کہ سورج کی روشنی چاند پر، یا زمین پر پڑتی ہو ـ
ہم اپنی آنکھوں سے آنکھوں کی نزدیک ترین چیز پلکوں کو بھی نہیں دیکھ سکتے، اپنی بھنویں نہیں دیکھ سکتے، یہاں تک کہ ہم اپنا چہرہ بھی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھ سکتے، اسی طرح ہم دور سے تو کسی بڑی عمارت کو دیکھ سکتے ہیں لیکن جیسے جیسے ہم عمارت کے قریب آتے جائیں گے اس کے گوشے آنکھوں سے اوجھل ہوتے چلے جائیں گے ـ یہاں تک کہ اگر ہم عمارت کی دیوار کے قریب پہنچیں گے تو صرف دیوار ہی ہمیں نظر آئے گی، پھر اگر دیوار کے ساتھ آنکھیں لگادیں تو ہمیں دیوار نظر آنا بھی بند ہوجائے گی ـ
بات شاید کچھ واضح ہوگئی ہو ـ یعنی جتنی بڑی چیز ہوگی اس کو دیکھنے کے لئے ہمیں اس سے اتنا ہی دور ہٹنا پڑے گا، اور اگر کوئی شےء بہت بڑی بھی ہو اور ہماری آنکھیں اس کو چھوُ بھی رہی ہوں تو پھر وہ چیز ہمیں نظر نہیں آسکتی، اب اسی تناظر میں ہمیں اللہ تعالیٰ کو دیکھنے کے لئے یہ دیکھنا پڑے گا کہ اللہ کتنا بڑا ہے؟ ـ تو ہمیں پتا چلتا ہے کہ اللہ تو ہر شے سے بڑا ہے، اور لامحدود ہے، اس کی مثال کسی بھی چیز سے نہیں دی جا سکتی ـ اس کی ذات زمین و آسمان اور پوری کائنات سے بھی بڑی ہے ـ تو اب مذکورہ بالا اصول کے تحت اتنی بڑی ذات کو دیکھنے کے لئے ہمیں زمین و آسمان کے کناروں سے نکلنا پڑے گا، کائنات میں موجود بڑی بڑی کہکشاؤں سے بھی دور نکلنا پڑے گا، تب بھی اللہ تعالیٰ کا وجود ہماری نظروں کے سامنے نہیں آسکتا، کیوں کہ وہ تو لامحدود ہے، اور ہم کچھ بھی کرلیں، کتنی ہی سائنس لڑا لیں ہم لامحدود کو محدود نہیں کرسکتے، اور جب کوئی بھی چیز محدود نہ ہو تو اس کو کسی بھی مقام سے دیکھنا کسی بھی طرح ممکن نہیں ہے، اس پر مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ قرآن کے مطابق " اللہ تعالیٰ تو ہماری شہہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے " ـ تو پھر ہم کیسے اس قدر قریب ترین اور بڑی اور عظیم ذات کو دیکھ سکتے ہیں،
اور یہ ہی وجہ ہے کہ اس دنیا سے جانے کے بعد " جنت الفردوس " میں اللہ جلِ شانہ، جنتیوں کو اپنے جلوے سے سرفراز فرمائے گا ...
بقول شاعر ــ
* میں کامیابِ دید بھی، محرومِ دید بھی ...
جلووں کے اژدہام نے حیراں بنا دیا ..... ( اصغر گونڈوی)
* اتنے ہوئے قریب کہ ہم دور ہو گئے ...
جلوے بڑھے جو حد سے تو بے نوُر ہوگئے ... ( غلام محمد وامِق) ـــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ تحریر ـ غلام محمد وامِق، محراب پور سندھ ـ مورخہ 15 ستمبر 2021ء ـ بروز بدھ ـ