=== کُرسی پر نماز ـ؟ === تحریر ـ غلام محمد وامِق
ــــــــــــــــــــــــــــــــــ
آج کل ہر مسلک اور ہر عقیدے والوں کی مسجد میں معذور لوگ بڑی تعداد میں کرسیوں پر بیٹھ کر نماز ادا کرتے نظر آتے ہیں ـ آج سے غالباً چالیس پچاس سال قبل کسی بھی مسجد میں یہ منظر نظر نہیں آتا تھا، معذور لوگ نماز کی صف میں نیچے فرش پر بیٹھ کر نماز ادا کرتے تھے ـ
ابتداء میں جب یہ سلسلہ شروع ہوا تو، میں نے جنگ اخبار میں، " مولانا یوسف لدھیانوی مرحوم " کا فتویٰ پڑھا تھا، جس میں انہوں نے فرمایا تھا کہ، جو لوگ اپنے قدموں سے چل کر مسجد آتے ہیں، انہیں کرسیوں پر بیٹھ کر نماز نہیں پڑھنی چایئے ـ اب تو یہ سلسلہ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ، جو لوگ اپنا سارا کاروبار، دکانداری، اور آفیشل کام بڑے آرام سے انجام دیتے ہیں، وہ بھی آکر کرسی پر بیٹھ جاتے ہیں، ـــ
میں کوئی فتویٰ تو نہیں دے سکتا، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ " ربًِ ذوالجلال " کے سامنے جس قدر اپنی عاجزی اور اپنی ذلت اور ناداری کا اظہار کیا جائے تو اللہ اس بندے کو پسند کرتا ہے اور اونچا درجہ عطا فرماتا یے ـ لیکن اگر ہم خالقِ کائنات کے سامنے اپنی شان یا بڑائی کا اظہار کریں گے تو اللہ ایسے بندے کو ناپسند کرتا ہے، اور اسے لوگوں کے سامنے ذلیل کردیتا ہے ـ کرسی پر بیٹھنا زمین پر بیٹھنے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور باعثِ فخر سمجھا جاتا ہے، اسی لئے اب ذرا سا بھی معذور شخص ہو وہ کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہے، اور اس میں کوئی عیب نہیں سمجھتا ـ جبکہ اکثر علماء نے اسے جائز بھی قرار دیا ہوا ہے ـ ایک بات مزید ذہن نشین ہونی چاہئے کہ کرسیوں پر بیٹھ کر عبادت کرنا، عیسائیوں اور یہودیوں کی روایت رہی ہے ـ اور مسلمان بھی شاید غیردانستہ طور پر عبادت میں یہودی اور نصاریٰ کی مشابہت کرنا عین ثواب سمجھنے لگ گئے ہیں ـ
واللہ اعلم باالصواب ـ اللہ ہی بہتر جانتا ہے ـــ
تحریر ـ غلام محمد وامِق، محرابپور سندھ ـ
مورخہ ـ 13، ستمبر 2020ء ـــ بروز ـ اتوار ........